بریکنگ نیوز

پاک فو ج کا وطن عزیز کی طرف میلی نگاہ سے دیکھنے والوں کو نشان عبرت بنانے کا عزم

اگلے روز پاک فوج کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ وطن عزیز کی طرف میلی نگاہ سے دیکھنے والوں کو عبرت کا نشان بنادینگے۔ اس عزم اور جذبے کا اظہار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا گیا۔کانفرنس میں خطے کی جیوسٹریٹجک صورتحال اور وطن عزیز کی داخلی سلامتی و دیگر امور پر بھی تفصیل سے غور و خوض کیا گیا۔ پاک فوج کی قیادت نے اس عزم صمیم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن و استحکام حاصل کرنے کی بہت بھاری قیمت چکائی ہے۔ لہذا ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کا بھر پور جواب دیا جائیگا۔ ہماری رائے میں وطن عزیز کو اس وقت اندرونی اور بیرونی سازشوں اور چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ ایک طرف بھارت لائن آف کنٹرول اور سرحدوں پر کشیدگی پیدا کرکے جنگی ماحول چاہتاہے تو دوسری طرح دہشتگردی کا عفریت ایک بار پھر سراٹھارہا ہے۔ گزشتہ دو دہائیوںکے دوران دہشتگردی کی وجہ سے پوری قوم کو بے پناہ جانی اورمالی نقصان اٹھانا پڑا۔اس دہشتگردی کو قابو کرنے کیلئے سیکورٹی اداروں اور پاک فوج کے جوانوںنے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں۔ یہ ان قربانیوں کا ہی ثمر ہے کہ آج دہشتگردی کافی حد تک ختم ہوچکی ہے لیکن کچھ عرصہ سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک جو افغانستان میں بھارتی را کنٹرول کررہی ہے ایک بار پھر متحرک ہوچکے ہیں ۔یہ ساری صورتحال نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم کیلئے کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ۔ ہماری دانست میں کوئی بھی مشکل وقت جب کسی قوم پر آئے تو اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ ہی مشکلات کا سامنا کرنا آسان ہوتا ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیںکہ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے ۔ پاک فوج اور ہماری قوم کی ایک زندہ اور تابناک تاریخ ہے کہ جب بزدل پڑوسی بھارت نے رات کی تاریکی میں چھ ستمبر 1965 کے دن پاکستان پر حملہ کردیا تھا لیکن اس حملے کو جہاں پاک فوج کے جری جوانوں اور کمانڈ نے موثر انداز میں شکست سے دو چار کیا وہاں پوری قوم نے جس جذبہ قوت ایمانی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ رہتی دنیا تک یاد رہے گا۔ بلاشبہ وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی طور پر خطرات کا سامنا ہے۔ کیونکہ بھارت نے ایک طرف مشرقی سرحد پر ایل او سی پر شرپسندی کا سلسلہ دراز کر دیا ہے تودوسری طرف مغربی سرحدپرافغانستان کے ذریعے پاکستان میں دراندازی اور دہشتگردی کے واقعات میں ضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان دشمن عناصر یہ بخوبی جانتے ہیں کہ پاک فوج اس ملک کی حفاظت پر مامور ہے اور ایک مضبوط اور پیشہ ور فوج کو جب تک کمزور نہیں کیا جائے گا پاکستان کو نقصان پہنچانا مشکل ہے لہذا بزدل دشمن اپنی مکرو کارروائیوں میں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناتی ہے۔ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ پاک فوج اور اس کی قیادت دفاع وطن اور ملک کو دہشتگردی کے ناسور سے پاک کرنے کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ ہمارے جوان ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے ہر وقت سربکف رہتے ہیں ۔ہمارا یقین ہے کہ جس ملک کی فوج کے جوانوں اور قیادت میںجذبہ شوق شہادت کوٹ کوٹ کر بھر ا ہو اس کو شکست دینا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے ۔ الحمد اللہ وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور جذبہ ایمانی باطل اور طاغوتی قوتوں کیلئے خوف کی علامت ہے ۔

About Aziz

Check Also

,افغان عمل میں روڑے اٹکانے والوں پر نظر رکھنی ہو گی وزیر اعظم عمران خان کا یہ جملہ بھارت کیلئے سبکی کا باعث بنا

اگلے روز وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغان عمل میں روڑے اٹکانے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *