بریکنگ نیوز

بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف مہم جوئی ملکی سالمیت پر حملہ ہوگا

بھارت کی طرف سے خطے میں کشیدگی اور انتشار پیدا کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اس لئے بھارت پاکستان پر ہرگزحاوی نہیں ہوسکتا اور یہ کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت چاہتا تھا کہ وہ افغانستان میں اسٹیک ہولڈر بن جائے لیکن اسے ناکامی ہوئی،اب وہ افغانستان میں امن خراب کر رہا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے ڈوزیئر شیئر کیا ہے جس میں بھارت کا مکروہ چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب ہوا ہے۔ ہماری رائے میں وزیر خارجہ کا یہ کہنا بالکل درست ہے کہ بھارت پاکستان میں انتشار پھلانے اور عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے تاکہ وہ عالمی برادری کی توجہ اپنے مسائل اور ناکامیوں سے ہٹا سکے۔ بلاشبہ بھارت کو افغانستان میں کافی سبکی کا سامنا ہے اور اب بھارت کیلئے افغانستان میں پہلے جیسے حالات نہیں ۔ یہ ضرور ہے کہ جب تک اشرف غنی کی حکومت افغانستان میں ہے بھارت کا اثر و رسوخ کسی حد تک موجود رہے گا اور بھارت افغانستان میں اپنے وجود کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا رہے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا یہ کہنا کہ عالمی برادری کو بھارت کی طرف سے پاکستان میں کی جانے والی دہشتگردی کی کارروائیوں اور سازشوں سے متعلق ثبوت کے ساتھ جو ڈوزئیر دیا گیا ہے اس سے بھارت کا چہرہ بری طرح مسخ ہوا ہے کیونکہ وہی بھارت جو خو د کو ایک سیکولر اورایک بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویدار تھا آج اس کا وقار عالمی برادری کے سامنے خاک میں مل گیا ہے۔ نریندر مودی حکومت کی مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف جارحانہ اور شدت پسند پالیسی نے بھارت کے مکروہ عزائم خاک میںملادیئے ہیں۔ اس وقت بھارت کو نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ یورپ و دیگر ملکوں کی طرف سے دبائو کا سامنا ہے ۔ جہاں تک پاکستان کی طرف سے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کوحقائق پر مبنی اور مضبوط شواہد کے ساتھ ڈوزئیر دینے کا تعلق ہے یہ بلاشبہ ایک موثر اور مثبت پیشرفت تھی لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ دفتر خارجہ اور دیگر متعلقہ حکومتی ادارے اس حوالے سے دبائو برقرار رکھیں اور دوست ملکوں کے علاوہ جہاں تک ممکن ہوسکے بھارت کے بھیانک چہرے کو عالمی برادری کے سامنے طشت از بام کرکے اس کی اصل حقیقت سامنے لائیں۔ کیونکہ بھارت پاکستان کے خلاف روز اول سے ہی کوئی ایسا موقع جانے نہیں دیتا جو پاکستان کیلئے نقصان کا باعث ہو ۔ اس حقیقت کے باوجود کہ گزشتہ تین دہائیوں سے پاکستان دہشتگردی کا شکار ہے اور اس کے لئے بے پناہ جانی اور مالی نقصان کے باوجود بھارت پاکستان جو دہشتگردی کے خلاف لڑنے والا فور فرنٹ ملک ہے کو دہشتگرد ملک قرار دینے کا کوئی موقع جانے نہیںدیتا۔ اب عالمی سطح پر بساط الٹ چکی ہے اور بھارت خود ہی اپنے پھیلائے ہوئے جال میں پھنس گیا ہے کیونکہ دنیا کے سامنے بھارت کی نام نہاد جمہوریت اور سیکولراز کا پردہ کافی حد تک چاک ہوچکا ہے البتہ عالمی سطح پر چین کی ابھرتی ہوئی قوت، فوجی اور معاشی طاقت امریکہ کیلئے باعث تشویش ہے لہذا امریکہ اس خطے میں چین کو روکنے کیلئے بھارت کو طاقتور ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے اور اپنے اس مفاد کی خاطر امریکہ نہ صرف کشمیر یوں کے حق خود ارادیت کو قربان کردینے کے درپے ہے بلکہ عالمی امن کو بھی درپیش خطرات سے محفوظ کرنے سے کترارہا ہے۔ یہ صورتحال عالمی امن کیلئے بلاشبہ ایک خطرے کی علامت ہے۔ جہاں تک بھارتی جنگی جنون اور پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کا معاملہ ہے اس حوالے سے بھارت کو بخوبی آگاہ رہنا ہوگا کہ اب صورتحال یکسر بدل چکی ہے اور پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین میزائل ٹیکنالوجی اور اعلی دفاعی صلاحیت رکھنے والا ملک ہے ۔ اب بھارت کی طرف سے کسی قسم کی مہم جوئی یا پاکستان کی سالمیت پر حملہ بھارت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

About Aziz

Check Also

آرمی چیف کا دورہ قطر انتہائی اہمیت کا حامل ہے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کا حالیہ دو روزہ قطر بلاشبہ انتہائی اہمیت کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *