بریکنگ نیوز

خواتین یونیورسٹی باغ آزاد خطہ میں تعلیم نسواں میں ایک انقلاب لا رہی ہے،سردار مسعود خان

باغ: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ خواتین یونیورسٹی باغ آزاد خطہ میں تعلیم نسواں میں ایک انقلاب لا رہی ہے ۔ جامعہ باغ میں زیر تعلیم بچیاں علم و ادب، نیچرل سائنسز اور بائیو ٹیکنالوجی سمیت جدید علوم اور نئی ٹیکنالوجیز کی اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے نہ صرف آزادکشمیر کو ترقی و خوشحالی کی نئی منزلوں سے ہمکنار کریں گی بلکہ اپنی مادر علمی اور والدین کا نام بھی روشن کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز وویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام طلبہ کے سوال و جواب کی ایک نشست اور بین الشعبہ جاتی سپورٹس چیمپیئین شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خواتین یونیورسٹی باغ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید، رجسٹرار یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سیدہ صدیقہ فردوس نے بھی خطاب کیا، جبکہ جامعہ کے مختلف شعبوں کی ڈین خواتین و حضرات ، شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، انتظامی آفیسران کے علاوہ طالبات کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ صدر آزادکشمیر اور جامعہ کے چانسلر نے طالبات پر زور دیا کہ وہ قدرتی ذہانت، محنت اور انتھک جدوجہد سے تعلیمی میدان میں اپنی قابلیت کا لوہا منوائیں اور اپنے مذہب، علمی قابلیت ، معاشرے اور دانش گاہ پر فخر کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے مدارج طے کریں اور آزادکشمیر اور پاکستان کو اگلے بیس تیس سال میں معاشی لحاظ سے دنیا کے مستحکم اور خوشحال ترین خطوں میں بدل دیں۔
انہوں نے کہا کہ جو نسل آج تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہے اگر وہ یہ عزم کر لے کے انہوں نے اس ملک کو تبدیل کرنا ہے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں ایسا کرنے سے نہیں روک سکتی۔ صدر ریاست نے کہا کہ نوجوان طلبا و طالبات نہ صرف علوم وفنون اور نئی ٹیکنالوجیز کی تعلیم حاصل کر کے حقیقی دوڑ میں دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں بلکہ روایتی اور سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کرتے ہوئے ابلاغی محاذ پر اپنا کردار ادا کریں اور تنازعہ کشمیر، مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور مقبوضہ ریاست کے بھائیوں اور بہنوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم کو دنیا میں اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو یہ عزم کر لینا چاہیے کہ آج جو دنیا کشمیر میں برپا قیامت پر آنکھیں بند کر کے بیٹھی ہے اسے وہ نہ صرف کشمیریوں کی آہ و بقا سننے پر مجبور کریں گے بلکہ اس سلسلے میں اپنا بین الاقوامی انسانی کردار ادا کرنے پر مجبور بھی کریں گے۔ خواتین یونیورسٹی باغ کو درپیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ یہ ایک نئی یونیورسٹی ہے اس لئے اسے اپنے پائوں پر کھڑے ہونے اور مسائل پر قابو پانے میں وقت لگے گا لیکن ہم اور خواتین یونیورسٹی کی انتظامیہ پرعزم ہیں کہ تمام مسائل پر جلد قابو پا کر اسے ریاست کی بہترین مادر علمی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی باغ کے کیمپس سمیت ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی ہماری ترجیح اول ہے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کی نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا بلاشبہ ہماری ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری پوری کرنے کے لئے ہم تمام وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی کوششوں کو تیز تر کرنا اور ظلم و جبر کی چکی میں پسنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو ظلم سے نجات دلانا ہماری قومی ذمہ داری ہے جس سے ہم کسی صورت پہلو تہی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے جامعہ کی نوجوان طالبات سے اپیل کی کہ وہ دنیا میں اپنے ہم عمر نوجوانوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے رسائی حاصل کر کے کشمیریوں کی جدوجہد اور حق خودارادیت کی تحریک میں اپنا ہمنوا بنائیں۔ صدر آزادکشمیر نے کرونا وائرس کی وباء کے بعد پہلی بار جامعہ میں تدریسی عمل شروع ہونے پر جامعہ کی انتظامیہ اور طالبات کو مبارکباد دی اور انتظامیہ کی طرف سے کرونا وائرس کی وباء کے حوالے سے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی تعریف کرتے ہوئے جامعہ کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کرونا وائرس کی وباء کے حوالے جملہ طبی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے کیونکہ یہ وبا کم ضرور ہوئی ہے لیکن ابھی اس کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا۔ یونیورسٹی کی انتظامیہ کی طرف سے بین الشعبہ جاتی چیمپیئین شپ کی تعریف کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں سپورٹس ٹورنامنٹ اور کھیلوں کی دیگر سرگرمیاں وسیع پیمانے پر شروع کی جائیں گی جن میں گلگت بلتستان کے طلبہ کو بھی شریک کیا جائے گا۔

About admin

Check Also

ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالے سکولوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی ،شفقت محمود

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے ملک بھر میں (آج ) بدھ سے پرائمری سکولز کھولنے کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *