بریکنگ نیوز

امریکہ اور دنیا کے دیگر خطوں میں آباد کشمیریوں اور پاکستانیوں کا کردارکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ،مسعود خان

اسلام آباد: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیریوں کے جائز اور منصفانہ حق خودارادیت کی جدوجہد کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے میں امریکہ اور دنیا کے دیگر خطوں میں آباد کشمیریوں اور پاکستانیوں کا کردارکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے نہ صرف عوام الناس تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی آواز کو پہنچایا بلکہ قانون سازوں، تھینک ٹینکس اور سول سوسائٹی تک رسائی حاصل کر کے انہیں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم اور اُن کے حقوق کے لئے حمایت حاصل کرنے کی بھرپور کوشش بھی کی ہے، جس کو ہم تحسین کی نگاہ دیکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن محترمہ غزالہ حبیب کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن نے صدر آزادکشمیر کو اپنی تنظیم کی طرف سے کشمیر کے حوالے سے آگاہی مہم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اُن کی تنظیم نہ صرف امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں بلکہ پورے امریکہ میں متحرک ہے اور اس تنظیم کے پلیٹ فارم سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور ویبی نار منعقد کی جاتی ہیں جن کے مجموعی نتائج نہایت مثبت اور حوصلہ افزا ہیں۔
صدر سردار مسعود خان نے فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی اور ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے اُن چودہ سینیٹرز کے خاص طور پر شکرگزار ہیں جنہوں نے امریکی حکومت اور امریکہ کے کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کو خط لکھ کر بھارت کو مذہبی آزادی کے حوالے سے قابل تشویش ملک قرار دینے کی سفارش کرنے کے علاوہ بھارت کی اُن ایجنسیوں اور افراد پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا جو بھارت میں مذہبی اقلیتوں پر مظالم کا سلسلہ بڑھانے میں براہ راست ملوث ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے فرینڈز آف کشمیر کے وفد کو اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کے لئے عالمی حمایت حاصل کرنے کے لئے ویتنام کی جنگ مخالف تحریک اور جنوبی افریقہ کی نسل پرستی کے خلاف تحریک کی طرز پر جدوجہد کریں تاکہ تحریک آزادی کشمیر کو ایک عالمی تحریک مزاحمت میں تبدیل کیا جا سکے۔

About admin

Check Also

مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی کا مقابلہ کررہے ہیں،راجہ فاروق حیدر

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مقبوضہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *