بریکنگ نیوز

کنٹرول لائن فائرنگ، بھارت مقبوضہ کشمیر کی اندرونی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتاہے،صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے لائن آف کنٹرول کے باگ سر سیکٹر میں بھارتی قابض فوج کی بلا اشتعال اور بلا جواز فائرنگ اور اس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت کو دشمن کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں اور آفیسران کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے بُدھ کے روزاپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت 2003کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھا کر جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے جس کا مقصد خود بھارت کے اندرکی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی اندرونی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ صدر آزادکشمیر نے بھارتی فوج کی گولہ باری سے شہید ہونے والے نائیک شاہجاں اور سپاہی عبدالحمید کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ قابض بھارتی فوج کو ان اشتعال انگیزیوں کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت عسکری جارحانہ کارروائیوں کے علاوہ پاکستان کو بدنام کرنے اور کشمیریوں کی تحریک حق خودارادیت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کے لئے عالمی سطح پر کئی محاذوں پر سرگرم ہیں جس کا ثبوت یورپ میں قائم ڈس انفو لیب کی حالیہ تفصیلی رپورٹ ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت کے ایک غیر معروف کاروباری ادارے سری واستوا گروپ کی سرپرستی میں غیر سرکاری تنظیموں کا ایک بڑا نیٹ ورک اور اس نیٹ ورک سے وابستہ افراد جھوٹی خبروں اور ایک منظم پروپیگنڈہ مہم کے ذریعے بھارت کے جھوٹے بیانیہ کو یورپ میں پھیلا رہے ہیں اور پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کے ذریعے اقوام متحدہ، یورپین پارلیمنٹ اور یورپی ممالک کی پالیسیوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ بھارت کے اس جھوٹے نیٹ ورک کے پکڑے جانے کے بعد بھی بھارتی حکمران شرمندہ ہونے کے بجائے کسی اور نام یا شکل میں اپنی منفی اور غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھیں گے کیونکہ وہ اُس ہندو چانکیا کے پیروکار ہیں جس نے ہزاروں سال پہلے کہا تھا کہ امور مملکت اور بین الاقوامی امور اعلیٰ اخلاقی اقدار اور اصولوں کے بجائے ملک کے مفادات اور عملیت پسندی کے تابع ہوتے ہیں۔ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد برانچ کی یوتھ ونگ کے صدر حافظ سردار سعود کی قیادت میں نوجوانوں کے ایک سات رکنی وفد سے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دنیا میں اپنے ہم عصر نوجوانوں تک رسائی حاصل کر کے کشمیر کاز کو موثر انداز میں اجاگر کرنے اور کشمیریوں کی جائز اور منصفانہ جدوجہد آزادی کے لئے حمایت حاصل کریں۔ انہوںنے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ پوری قوم متحد اور یکجان ہو کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرے اور آئندہ آنے والے سالوں میں ملک کو بڑی معاشی طاقت بنائیں۔ نوجوانوں کے وفد نے صدر آزادکشمیر کو یوتھ ونگ کی اسلام آباد اور ملکی سطح پر کشمیر اور ملکی سیاست کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کے لئے پر عزم اور پرجوش ہیں۔ نوجوانوں کے عزم اور جوش کی تعریف کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے کیونکہ تیس سال سے کم عمر نوجوان پاکستان کی کل آبادی کا چونسٹھ فیصد ہیں جو پاکستان کا ایک بڑا سرمایہ اور طاقت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کے وفد کو بتایا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے کیونکہ وہاں نوجوانوں، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو بھارت کی نو لاکھ فوج کے ہاتھوں بدترین مظالم کا سامنا ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کی سامنے بے نقاب کرنے کے لئے روایتی اور سوشل میڈیا کا موثر استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ جموں وکشمیر اور دنیا کے مختلف حصوں میں مظلوم انسانوں کو اُن کا حق انصاف کی بنیاد پر دلانے کے لئے نئے عالمی نظام کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ کثیر الجہتی نظام مقبوضہ علاقوں میں قتل عام اور لوٹ مار روکنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رونما ہونے والے واقعات دنیا کی آنکھوں سے اوجھل نہیں ہیں لیکن دنیا اُن واقعات کی طرف دیکھنے اور ان کے خلاف بولنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کو بھارت کی طرف سے غیر قانونی طور پر اپنی نو آبادی بنانے کے باوجود ہم بھارت کی فسطائیت اور استعماریت کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور اسے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی و حریت کی شمع پوری آب و تاب کے ساتھ روشن ہے جسے کسی صورت میں بجھنے نہیں دیا جائے گا۔

About Aziz

Check Also

مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی کا مقابلہ کررہے ہیں،راجہ فاروق حیدر

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مقبوضہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *