بریکنگ نیوز

سپریم کورٹ ،نیویارک ٹائمز حملہ کیس کے ملزم کی امریکہ حوالگی روکنے کے حکم امتناع میں توسیع

اسلام آباد :سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیویارک حملہ منصوبے کے ملزم طلحہ ہارون کی امریکہ حوالگی روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی اور آئندہ سماعت پر وزارت داخلہ کے متعلقہ حکام کو طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو خود پیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔ جمعرات کو سپریم کورٹ میں نیویارک ٹائمز سکوائر حملہ کیس کے ملزم طلحہ ہارون کی امریکہ حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت دورکنی بنچ نے کی ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ملزم کو امریکا کے حوالے کرنے کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ملزمان کے تبادلے کا معاہدہ موجود ہے۔جسٹس مشیر عالم نے پوچھا کہ کیا امریکہ کا رویہ بھی ہمارے ساتھ ویسا ہی ہے،
جیسا ہمارا ان کے ساتھ ہے؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ امریکہ نے 2008 میں دو ملزمان فرید توکل اور فاروق توکل پاکستان کے حوالے کیے۔طلحہ ہارون کے اہل خانہ کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ حسین حقانی کو حوالے کرنے کا حکم دے چکی ہے لیکن امریکہ نے حسین حقانی کو پاکستان کے حوالے نہیں کیا۔ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ عدالت نے دیکھنا ہے کیا ملزم کی امریکہ حوالگی کے لیے قانونی جواز موجود ہے، عملی طور پر امریکہ کیساتھ ملزمان کے تبادلے کا کوئی معاہدہ نہیں، جس معاہدے کا حوالہ دے رہے ہیں وہ تقسیم سے قبل کا ہے جو پاکستان پر لازم کیسے ہو سکتا ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ طلحہ پر الزام ہے کہ اس نے امریکہ میں رہتے ہوئے حملوں کی سازش کی ، وہ امریکی شہریت کا حامل بھی ہے، اسے 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا۔جسٹس منیب اختر نے کہا کہ دستاویزات سے واضح نہیں کہ حملے کے وقت طلحہ امریکہ میں موجود تھا، جو معاہدہ آپ دکھا رہے ہیں اس میں دہشتگردی کا جرم شامل نہیں۔جسٹس قاضی امین نے کہا کہ اب تو بات کرنے پر بھی دہشتگردی لگ جاتی ہے، طلحہ ہارون نے آخر کونسی دہشتگردی کردی، حکومت کہہ رہی ہے کہ امریکہ نے بندا مانگا ہے تو حوالہ کردو۔جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ پاکستان کو بنانا ری پبلک نہ بنائیں۔ جسٹس منیب اختر نے کہا کہ پاکستان ڈمی ریاست نہیں۔سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ کے متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو بھی خود پیش ہونے کی ہدایت کی۔ عدالت نے سماعت پندرہ اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے طلحہ ہارون کی امریکہ حوالگی روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی۔

About admin

Check Also

تاجر برادری سود کے خاتمہ کی مہم میں جماعت اسلامی کا ساتھ دے،لیاقت بلوچ

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی ، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *